لاہور: لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ رواں سال ایک لاکھ 89 ہزار امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی، جن میں سے ایک لاکھ 23 ہزار کامیاب جبکہ 66 ہزار سے زائد امیدوار ناکام رہے۔
لاہور بورڈ کے مطابق امتحانات میں مجموعی کامیابی کا تناسب 64 فیصد سے زائد رہا۔ گورنمنٹ کالجز کے طلبہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 پوزیشنز اپنے نام کیں۔نتائج کے اعلان کے حوالے سے لاہور بورڈ کے زیر اہتمام تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ بورڈ امتحانات میں بوٹی مافیا کے خاتمے سے امتحانی نتائج میں شفافیت یقینی بنائی گئی ہے۔ ان کے مطابق 2024 سے قبل امتحانات میں نقل کے مسائل موجود تھے اور ایگزامینرز اپنی مرضی سے ڈیوٹیاں لگواتے تھے، تاہم اب امتحانی نظام میں شفافیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ نے اپنی کامیابی کو محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے دونوں طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے گئے، جبکہ دیگر تمام پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کو لاہور بورڈ کی جانب سے ایک، ایک لاکھ روپے نقد انعام اور میڈلز سے نوازا گیا۔