لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات ہفتہ وار کلاس لینے گورنمنٹ ہائی سکول لدھر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے پانچویں جماعت کو انگلش کا مضمون پڑھایا۔ کلاس لینے سے قبل وزیر تعلیم نے ٹیچر گاؤن بھی پہنا۔
رانا سکندر حیات نے آئندہ ہفتے پانچویں جماعت کو کمپیوٹر بطور اضافی مضمون پڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ کمپیوٹر پانچویں جماعت کے سلیبس کا حصہ نہیں، تاہم بچوں کو ابتدائی عمر سے ہی کمپیوٹر کی تعلیم دینا ضروری ہے۔
وزیر تعلیم نے سکول میں گزشتہ ہفتے سہولیات کی فراہمی سے متعلق دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے سکول کو فراہم کی جانے والی سپورٹس کٹس کی رونمائی کی اور طالبات کے ساتھ بیڈمنٹن اور کرکٹ بھی کھیلی۔
رانا سکندر حیات نے سکول میں باقاعدہ سپورٹس پیریڈ شروع کرنے کی ہدایت کی۔ میٹرک کی طالبات کی فرمائش پر وزیر تعلیم نے ان کی کلاس میں بھی لیکچر دیا۔
وزیر تعلیم نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے گورنمنٹ ہائی سکول لدھر کے لیے سٹیم لیب اور اضافی کلاس روم کی منظوری دے دی ہے، جن پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔
رانا سکندر حیات نے سکول کی تمام 1100 طالبات میں اپنی ذاتی جیب سے چپس اور جوس بھی تقسیم کیے۔