ایپ سپ اولمپیاڈ 2026: "ہم سب ایک ہیں، ہمارا رشتہ اپنی مٹی سے ہے"، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان کا خطاب

ایپ سپ اولمپیاڈ 2026:

لاہور : لاہور کے فورٹریس  سٹیڈیم میں جاری پاکستان کے سب سے بڑے اسپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول "اولمپیاڈ 2026" نے قومی یکجہتی کی نئی تاریخ رقم کر دی۔ ایپ سپ (APSUP) کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس میلے میں نجی جامعات کے ہزاروں طلبہ نے شرکت کر کے ثابت کر دیا کہ پاکستانی نوجوان ملک کے سنہرے مستقبل کے ضامن ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے اسپورٹس میلے کو محض ایک ایونٹ نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کی جانب ایک مضبوط قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا وہی قومیں دنیا میں نام پیدا کرتی ہیں جن کا رشتہ اپنی مٹی سے مضبوط ہوتا ہے۔ ایپ سپ کے اس پلیٹ فارم نے آج ملک بھر کی یونیورسٹیوں کو ایک لڑی میں پرو کر یہ پیغام دیا ہے کہ ہم پنجابی، بلوچی، پٹھان یا سندھی نہیں، بلکہ صرف اور صرف پاکستانی ہیں۔
ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے چند اہم نکات پر زور دیا  کھیل میں ہار یا جیت اصل مقصد نہیں، بلکہ اپنی غلطیوں سے سیکھ کر خود کو بہتر بنانا اصل کامیابی ہے۔ اس فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں میں وہ نظم و ضبط اور حوصلہ پیدا کرنا ہے جو انہیں عملی زندگی کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے سکے۔
 طلبہ کھیل کے میدان سے حاصل ہونے والے تجربات کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنائیں۔
فیسٹیول کے دوران طلبہ نے مختلف علاقائی لباس پہن کر پاکستان کے متنوع اور خوبصورت کلچر کی نمائندگی کی۔ کھیلوں کے سنسنی خیز مقابلوں کے بعد جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں اعزازات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر سپیریئر گروپ کی اعلیٰ قیادت نے بھی شرکت کی اور طلبہ کے جوش و خروش کو سراہا۔

ٹیگز: