لاہور :لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عامر ضیاء نے ادارے کی کارکردگی اور اصلاحات سے متعلق تفصیلی 'پرفارمنس آؤٹ لک' رپورٹ وفاقی وزیر توانائی کو پیش کر دی۔ رپورٹ میں ادارے کے مالی استحکام، آپریشنل بہتری اور صارفین کے مسائل کے حل کے حوالے سے اہم پیش رفت کا ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیسکو نے مختلف شعبوں میں ریکارڈ کارکردگی دکھائی ہے۔اصلاحات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 138 ارب روپے سے زائد کی بچت کی گئی، جس میں لاسز میں کمی، بہتر بلنگ اور پروکیورمنٹ (خریداری) کے عمل میں شفافیت شامل ہے۔ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لاسز کو کم کر کے 13.4 فیصد تک لایا گیا ہے، جو ادارے کی تکنیکی مہارت کا ثبوت ہے۔
لیسکو نے آپریش کے دوران غیر قانونی قبضوں سے 40 کنال شہری زمین واگزار کرائی، جس کی مالیت تقریباً 80 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے شکایات کے حل کی شرح 95 فیصد سے زائد رہی۔چیئرمین عامر ضیاء نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لیسکو کی انتظامیہ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز ادارے کو مزید فعال اور منافع بخش بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں تاکہ صارفین کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔