عالمی یومِ امن: پائیدار امن کے بغیر ترقی و خوشحالی ممکن نہیں، مریم نواز

عالمی یومِ امن: پائیدار امن کے بغیر ترقی و خوشحالی ممکن نہیں، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے پائیدار امن ناگزیر ہے، امن ہی ترقی اور خوشحالی کی بنیادی ضرورت ہے۔

 مریم نواز شریف نے قیامِ امن کے لیے ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواجِ پاکستان اور دیگر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کیا، جبکہ امن و امان کے لیے سرگرم پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امن سے ہی خوشحالی کے پھول کھلتے اور معاشرے میں خوشیاں پھیلتی ہیں۔ عالمی یومِ امن ہمیں برداشت اور رواداری کو فروغ دینے کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے لیے تشدد، نفرت اور انتہا پسندی کا خاتمہ ضروری ہے، جبکہ معاشرے میں امن کے فروغ کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

 مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت امن، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ امن صرف جنگ کے خاتمے کا نام نہیں بلکہ انصاف، محبت اور احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کا نام ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سو اور ہر دم امن، خوشحالی اور خوشیاں قائم رہیں۔

ٹیگز: