اسلام آباد:سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کوئی مستحق شہری لاعلمی یا ڈیجیٹل مشکلات کے باعث وزیراعظم کے فیول ریلیف سے محروم نہیں رہنا چاہیے، ریلیف کا اصل مقصد اعلان نہیں بلکہ ہر مستحق گھر تک اس کا فائدہ پہنچانا ہے۔
وزیراعظم کی خصوصی فیول ریلیف سکیم کے جائزہ اجلاس میں خصوصی شرکت کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ریاست اُن شہریوں تک خود پہنچے گی جو اپنی مدد کے لیے نظام تک نہیں پہنچ سکتے۔ 28 لاکھ سے زائد رجسٹریشنز اور 15 لاکھ سے زائد افراد کا مستفید ہونا ریلیف پروگرام کی بڑی پیش رفت ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ہر اہل شہری تک ریلیف پہنچنے تک کوششیں جاری رہیں گی، مشکل وقت میں عام آدمی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ فیول ریلیف عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا عملی ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عوامی آراء کی روشنی میں ریلیف سکیم کا دائرہ مزید وسیع اور طریقہ کار آسان بنانے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کی سہولت کے لیے 9771 پر رجسٹریشن کا ایس ایم ایس مکمل مفت کر دیا گیا ہے۔
حمزہ شہباز کے مطابق 20 سال تک پرانی موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشوں کو بھی اسکیم میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشوں کے لیے 5 لیٹر پٹرول کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اب ہفتہ وار ٹوکن پر 500 روپے کا ریلیف دیا جا رہا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ عوام کی معلومات کے لیے کیمپس اور ہیلپ ڈیسک کے ذریعے عملی مدد فراہم کی جائے۔ بزرگ، کم پڑھے لکھے اور ڈیجیٹل نظام سے ناواقف شہریوں کے لیے رجسٹریشن اور ریلیف کے حصول کا عمل مزید آسان بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے کم اور متوسط آمدنی کے خاندانوں تک ریلیف کی رسائی یقینی بنائی جائے۔ رجسٹریشن، ٹوکن کے اجرا اور ریلیف کے استعمال کی روزانہ آئی ٹی اور ڈیٹا مانیٹرنگ کی جائے۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ عوامی فیڈبیک کی روشنی میں اسکیم کو مزید بہتر بنایا جائے اور زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں تک ریلیف پہنچانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔