وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے گداگری کے خلاف کارروائیاں تیز

وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے گداگری کے خلاف کارروائیاں تیز

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور خصوصی ہدایات کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے صوبے بھر میں گداگری کے خلاف ریسکیو آپریشنز تیز کر دیے ہیں۔ چیئرپرسن سارہ احمد کی نگرانی میں لاہور سمیت تمام اضلاع میں روزانہ کارروائیاں جاری ہیں۔

سارہ احمد کے مطابق صرف ستمبر میں لاہور سے 112 بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا گیا جبکہ پنجاب بھر میں یہ تعداد 545 رہی۔ ریسکیو آپریشنز روزانہ صبح 10 بجے سے رات 11 بجے تک ہوتے ہیں اور ہفتہ اتوار کو بھی ٹیمیں متحرک رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں سے زبردستی بھیک منگوانے والے مافیا کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جا رہی ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ یہ ایک سنگین جرم ہے اور ریاست ان بچوں کو محفوظ مستقبل فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

ریسکیو ٹیموں نے بچوں کو مختلف علاقوں سے تحویل میں لیا، جن میں جوہر ٹاؤن، کیمپس پل، گلبرگ مین مارکیٹ، ٹاؤن شپ، برکت مارکیٹ، بھٹہ چوک، ڈیفنس، کریم بلاک مارکیٹ، مون مارکیٹ، ایم ایم عالم روڈ اور داتا دربار شامل ہیں۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں بھکاری بچوں یا مافیا کی سرگرمیوں کی اطلاع ہو تو فوری طور پر چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

ٹیگز: