لاہور: پنجاب سول سیکرٹریٹ اور پنجاب حکومت نے اپنی تمام کاغذی کارروائی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا ہے، سینئر رپورٹر لاہور رنگ کے مطابق اس سے نہ صرف کام کی رفتار میں تیزی آئے گی بلکہ کروڑوں روپے کی بچت بھی متوقع ہے۔ چیف سیکرٹری آفس کے ترجمان کے مطابق اب سے تمام پیپر ورک ڈیجیٹل پلیٹ فارم “ای فاس” پر ہوگا۔
سول سیکرٹریٹ سے تمام ہارڈ کاپی فائلز کو ڈسپوز کرنے کے لیے جمع کر لیا گیا ہے اور تمام فائلز اور کاغذات ای فاس پر اپ لوڈ کیے جائیں گے۔ روائتی فائل سسٹم کے خاتمے سے اسٹیشنری کے بجٹ میں 80 فیصد سے زائد کمی کی توقع ہے، جس سے کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔
چیف سیکرٹری آفس کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کام کی رفتار میں اضافہ ہوگا اور اگر کسی دفتر میں فائل رک جائے گی تو فوری طور پر الرٹ جاری کیا جائے گا تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ ای فاس پر اپ لوڈ کی گئی تمام فائلز کو ٹریک بھی کیا جا سکے گا، جو کام کے شفاف اور مؤثر انتظام میں مددگار ثابت ہوگا۔