چنیوٹ: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ آثار قدیمہ پنجاب نے صبح کے وقت عمر حیات محل چنیوٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے محل میں جاری نفیس لکڑی کے کام کی بحالی کا جائزہ لیا اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران ڈی جی نے حکام کو بحالی کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔ ترجمان محکمہ آثار قدیمہ کے مطابق عمر حیات محل میں فن، ثقافت اور تاریخ ایک ساتھ جلوہ گر ہیں، اور یہ عمارت "عظیم پنجاب پروگرام" کے تحت بحالی و احیاء کے عمل سے گزر رہی ہے۔
بحالی کے دوران محل کی نفیس لکڑی کی تزئین، آرائشی کام اور اسٹرکچرل استحکام کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی رہنمائی میں منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
محکمہ آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ تاریخی عمارتوں کو محفوظ بنا کر انہیں سیاحت کے فروغ کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے، اور عمر حیات محل کی بحالی اس سمت میں ایک اہم قدم ہے، جو ماضی کے ثقافتی ورثے کو مستقبل کی نسلوں کے لیے محفوظ رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔