پنجاب کے ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیبز کے قیام کی رفتار تیز، آٹھ لیبز رواں سال کے آخر تک فعال ہوں گی

پنجاب کے ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیبز کے قیام کی رفتار تیز، آٹھ لیبز رواں سال کے آخر تک فعال ہوں گی

لاہور: صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت پنجاب بھر میں کیتھ لیبز کے قیام کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف اضلاع میں جاری منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کے تحت قائم کی جانے والی 16 کیتھ لیبز میں سے 8 لیبز ،اٹک، بہاولنگر، جھنگ، جہلم، قصور، لیہ، میانوالی، اور وہاڑی   تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، جو رواں سال کے اختتام تک آپریشنل کر دی جائیں گی۔
دوسرے مرحلے میں بھکر، چکوال، حافظ آباد، خانیوال، منڈی بہاؤالدین، راجن پور، شیخوپورہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ان لیبز کے قیام سے امراض قلب کے مریضوں کو مقامی سطح پر جدید علاج کی سہولت میسر آئے گی اور بڑے شہروں کا بوجھ کم ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر نہ صرف کیتھ لیبز کے قیام پر کام تیز کیا جا رہا ہے بلکہ ہسپتالوں میں افرادی قوت اور دیگر سہولیات بھی ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ماہر کنسلٹنٹس کی تعیناتی کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ان کے قریبی علاقوں میں ہی معیاری اور جدید طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ٹیگز: