لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے معروف ڈرامہ نگار و مصنف خلیل الرحمٰن قمر کو مبینہ طور پر اغوا کر کے تاوان وصول کرنے کے مقدمے میں سزا یافتہ خاتون آمنہ عروج کی سزا معطل کر دی ہے۔
جسٹس شہباز رضوی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آمنہ عروج کی اپیل منظور کر لی۔ عدالت نے رہائی کے لیے پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی جاری کیا۔
درخواست گزار آمنہ عروج کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ خلیل الرحمٰن قمر خود ان کی مؤکلہ سے ملاقات کے لیے گئے تھے، اور ٹرائل کورٹ نے مقدمے میں پیش کیے گئے پراسیکیوشن کے شواہد اور دلائل کو نظر انداز کرتے ہوئے سزا سنائی، جو حقائق کے برعکس ہے۔
یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے آمنہ عروج کو اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف اپیل لاہور ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔ عدالت نے یہ حکم سزا معطلی کی حد تک دیا ہے، حتمی فیصلہ اپیل کی سماعت مکمل ہونے کے بعد سنایا جائے گا۔