لاہور میں "سی پاکستان" انٹرپرینیوریل ایکسپو کا انعقاد، نوجوانوں میں کاروباری جذبہ پروان چڑھا

لاہور میں

لاہور : پاکستان کی سب سے بڑی انٹرپرینیوریل ایکسپو "سی پاکستان" کا لاہور میں کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے نوجوان کاروباری حضرات اور اسٹارٹ اپس نے بھرپور حصہ لیا۔ سپیریئر یونیورسٹی کی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس پروگرام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سی پاکستان ملک میں انٹرپرینیورشپ کے فروغ کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بن چکا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا کہ "یہ پروگرام نوجوانوں کو خود انحصاری اور معاشی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ ہمارا مقصد طلبہ کو نوکری کے بجائے خود روزگار کے مواقع دینا ہے، تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ سی پاکستان کا آغاز اس سال اپریل میں ورلڈ اسٹارٹ اپ چیمپئن شپ سے ہوا، جس میں 118 یونیورسٹیوں کے طلبہ اور 200 سے زائد بین الاقوامی اسٹارٹ اپس نے حصہ لیا۔ اس مجموعی پروگرام میں 2815 اسٹارٹ اپس نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 100 بہترین اسٹارٹ اپس کی آج نمائش کی گئی۔

تقریب میں 40 فیصد سے زائد خواتین نے حصہ لے کر خواتین کی انٹرپرینیوریل صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ پہلی پوزیشن پر آنے والے اسٹارٹ اپ کو 5 لاکھ روپے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے کو 2 لاکھ روپے انعامی رقم دی جائے گی۔

پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے چیئرمین ایپ سپ، پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پروگرام کے انعقاد میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔

ٹیگز: