لاہور : پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ڈی جی کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع کے کنٹرول رومز اور ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24 گھنٹے فعال ہیں جبکہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ مشینری اور عملے کو مکمل طور پر الرٹ رکھیں اور نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی میں تاخیر نہ ہونے دیں۔
مون سون بارشوں کی تازہ صورتحال
پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے
لاہور (نشتر ٹاؤن): 178 ملی میٹر
فیصل آباد: 51 ملی میٹر
ٹوبہ ٹیک سنگھ: 25 ملی میٹر
جھنگ: 11 ملی میٹر
سرگودھا: 18 ملی میٹر
ڈی جی خان: 16 ملی میٹر
میانوالی: 10 ملی میٹر
مزید بارشوں کی پیشگوئی
رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، ڈی جی خان اور میانوالی سمیت دیگر علاقوں میں شدید بارشوں کی توقع ہے۔
بارشوں کے باعث لاہور میں اب تک 229 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 280 افراد زخمی ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ آسمانی بجلی، تیز بارش اور کچے یا خستہ حال مکانات سے دور رہیں۔ محفوظ مقامات پر قیام کریں اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔