لاہور: جناح ہاؤس حملہ کیس ،تین پی ٹی آئی رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

لاہور: جناح ہاؤس حملہ کیس ،تین پی ٹی آئی رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

لاہور:انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس حملہ کیس کے ٹرائل میں مسلسل عدم پیشی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی تین مرکزی خواتین رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور عائشہ بھٹہ کے اشتہارات جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالتی حکم کے مطابق پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ 2 اکتوبر تک تینوں ملزم خواتین کے اشتہارات شائع کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔

پولیس کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ تینوں خواتین جناح ہاؤس حملہ کیس کے علاوہ 9 مئی کے دیگر مقدمات میں سزا یافتہ ہیں۔ سزا کے بعد یہ خواتین مذکورہ کیس میں ٹرائل کے لیے پیش نہیں ہو رہیں اور مفرور ہو چکی ہیں۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ مسلسل عدم حاضری اور مفروری کے باعث ان خواتین کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے، جس پر عدالت نے اشتہار جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

ٹیگز: