لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ اقلیت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں، اور ان کے تحفظ، ترقی اور احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان تمام شہریوں کا وطن ہے، جہاں ہر فرد کو اپنے عقیدے اور مذہب کے مطابق آزاد اور محفوظ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے نمایاں اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار اقلیتی برادری کے لیے "مینارٹی کارڈ" متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت 50,000 اقلیتی افراد کو ہر تین ماہ بعد 10,500 روپے کی مالی معاونت دی جا رہی ہے، جبکہ یہ سہولت جلد 75,000 افراد تک بڑھائی جائے گی۔
مریم نواز نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت نے اقلیتی برادری کے مذہبی اور ثقافتی تحفظ کے لیے اہم قانون سازی کی ہے، جن میں سکھ میرج ایکٹ 2024 اور ہندو میرج ایکٹ 2017 کی منظوری شامل ہے، جو 2025 میں مکمل طور پر نافذ العمل ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقلیتی برادری کے لیے 8 ارب روپے کا ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے، جس میں تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اقلیتی طلباء کے لیے 6 کروڑ روپے کے اسکالرشپ فنڈز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتی مذہبی تہواروں جیسے بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر کو سرکاری سطح پر منایا جا رہا ہے، جبکہ ان کے عبادت گاہوں کی مرمت و بحالی کے لیے بھی خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
مریم نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہے اور انہیں ہر شعبے میں ان کا جائز اور مساوی حصہ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا "ہم ایک ایسے معاشرے کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں محبت، رواداری اور بھائی چارہ ہماری پہچان ہو گا۔"