منڈیوں کی نگرانی کے لیے پنجاب حکومت کا ڈیجیٹل نظام، افسران کی تربیت مکمل

منڈیوں کی نگرانی کے لیے پنجاب حکومت کا ڈیجیٹل نظام، افسران کی تربیت مکمل

لاہور: حکومت پنجاب نے سبزی اور فروٹ منڈیوں کے نظام کو جدید اور شفاف بنانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے منڈیوں کو ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ٹرکوں کی آمدورفت اور بولی کے عمل کی مکمل نگرانی کی جائے گی تاکہ نااہلی اور کرپشن کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کی ہدایت پر پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر اہتمام پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں مارکیٹ کمیٹیوں کے سیکریٹریز کی ای سسٹم سے متعلق تربیتی نشستیں منعقد کی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 60 افسران نے شرکت کی۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ تین مختلف سیشنز میں افسران کو ای سسٹم کی عملی تربیت دی گئی اور درپیش چیلنجز کے حل کے لیے رہنمائی فراہم کی گئی تاکہ فیلڈ افسران کی استعداد کار میں اضافہ ہو اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔

سیکرٹری پرائس کنٹرول کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے محکمانہ امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق تمام متعلقہ اتھارٹیز کو ڈیجیٹل نظام کے تحت مانیٹر کیا جائے گا تاکہ منڈیوں میں اصلاحات کو یقینی بنایا جا سکے۔

ٹیگز: