لاہور: محکمہ صحت و آبادی میں وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے متعدی امراض (بشمول ڈینگی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ) کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبے کے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سی ای اوز اور طبی ماہرین نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈینگی کی تازہ صورتحال اور انسداد کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزراء نے ہدایت کی کہ ہائی رسک علاقوں میں انسدادِ ڈینگی ٹیموں کو پاپولیشن ویلفیئر کلینکس کا عملہ بھی فراہم کیا جائے تاکہ مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی کی افزائش کے خدشے کے پیش نظر فوری اور ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں، اور کسی بھی سطح پر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ڈینگی کی صورتحال کو ذاتی طور پر مانیٹر کر رہی ہیں اور ہائی رسک علاقوں میں فوری کارروائی کی ہدایات جاری کر چکی ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبے بھر میں کنسٹرکشن سائٹس، کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز، کباڑ خانے اور قبرستانوں میں خصوصی سرویلنس کرائی جا رہی ہے تاکہ ممکنہ افزائش کی جگہوں کو فوری کنٹرول کیا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام محکمے انسداد ڈینگی کے لیے 100 فیصد فیلڈ اسٹاف کی حاضری، لاجسٹک سپورٹ کی فراہمی، جیو ٹیگنگ اور ڈیش بورڈ مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔
ہائی رسک اضلاع میں انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی اور مکمل کوآرڈی نیشن پر زور دیا گیا۔