لاہور:صوبائی حکومت نے ویکسینیشن مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اور عملی قدم اٹھاتے ہوئے لاہور ضلع کے ویکسینیٹرز کو موٹر بائیکس فراہم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہر بچے تک ویکسین کی بروقت فراہمی حکومت پنجاب کا عزم ہے، اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پہلے مرحلے میں پنجاب کے 10 اضلاع کے ویکسینیٹرز کو 200 موٹر بائیکس فراہم کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے 200 یونین کونسلز میں موجود 80 لاکھ سے زائد آبادی کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ ویکسینیٹرز کو ہیلمٹس، فیلڈ کٹس اور دیگر ضروری سہولیات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔
صوبائی وزیر نے ویکسینیٹرز کو "فرنٹ لائن ہیروز" قرار دیتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں تک آسان رسائی کی بدولت ویکسینیشن کی شرح میں نمایاں بہتری آئے گی، اور "کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے" کے وژن پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ محکمہ صحت حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کو مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، اور فیلڈ ٹیموں کو بروقت وسائل کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جا رہی ہے۔