میثاق استحکام ملک کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے:رانا ثنا اللہ

میثاق استحکام ملک کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے:رانا ثنا اللہ

نفرت انگیز سیاست کرنے والوں کو قوم نے عبرت کا نشان بنایا ہے اور اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا: لیگی رہنما

لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے 14 اگست کو میثاق استحکام کی تجویز ملک کے سیاسی مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی استحکام کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف بھی اپنے دور میں سیاسی استحکام کے حوالے سے مؤثر کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میثاق استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے نفرت کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نفرت انگیز سیاست کرنے والوں کو قوم نے عبرت کا نشان بنایا ہے اور اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جمہوریت تب ہی مستحکم ہوتی ہے جب مختلف سیاسی جماعتیں ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل حل کریں، نہ کہ جھگڑوں اور تلخیوں سے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غلطیوں کو تسلیم کرنا جمہوری عمل کا حصہ ہے۔

وزیراعظم کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ وزیر اعظم نے اپوزیشن کو بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے اور خود جا کر بات کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی نااہلی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میثاقِ استحکام ملک کی سیاست میں مثبت تبدیلی کا مؤثر ذریعہ بنے گا۔