لاہور:پنجاب حکومت نے صوبے کے سپیشل ایجوکیشن اداروں میں بھی سکول میل پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد خصوصی بچوں میں غذائی قلت کو ختم کرنا ہے تاکہ ان کی صحت اور تعلیمی کارکردگی بہتر ہو سکے۔
اس سکیم پر ایک ارب 45 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے اور اس پر جون 2026 تک عملدرآمد مکمل کیا جائے گا۔ پنجاب بھر کے 300 سے زائد سپیشل ایجوکیشن سنٹرز اور کالجز میں بچوں کو دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جائیں گے۔
منصوبے میں شامل اداروں میں سات ڈگری کالجز، 171 سپیشل ایجوکیشن سنٹرز، 46 سماعت سے محروم بچوں کے تعلیمی ادارے، 18 بصارت سے محروم بچوں کے ادارے، 36 سست روی سے پڑھنے والے بچوں کے سنٹرز اور 3 ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز شامل ہیں۔
یہ پروگرام ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفرگڑھ، بہاولنگر، رحیم یار خان، لیہ، لودھراں، خانیوال، وہاڑی، بہاولپور، سرگودھا، ملتان، جھنگ، چنیوٹ، قصور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت متعدد اضلاع کے تعلیمی اداروں میں نافذ کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت کا یہ اقدام خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود اور تعلیمی معیار کو بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔