پنجاب میں حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب: مریم نواز کی ہدایت پر فوری امدادی اقدامات، فوج طلب

پنجاب میں حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب: مریم نواز کی ہدایت پر فوری امدادی اقدامات، فوج طلب

لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں حالیہ شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فوری اور مؤثر امدادی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکومتِ پنجاب نے لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، سرگودھا اور اوکاڑہ میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کے لیے پاک فوج کو طلب کر لیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق، یہ اقدام متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کی درخواست پر اٹھایا گیا، جس کے بعد صوبائی محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو فوجی امداد کے لیے باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ فوجی دستوں کی تعیناتی ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کے بعد عمل میں لائی جائے گی، جبکہ صورتحال کے پیش نظر آرمی ایوی ایشن سمیت دیگر وسائل بھی مہیا کیے جا سکتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس پہلے ہی فرنٹ لائن پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ حکومت پنجاب اور متعلقہ ادارے سیلابی صورتحال کو چوبیس گھنٹے (24/7) مانیٹر کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔

حکومتی ترجمان کے مطابق، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب کا یہ بروقت اور منظم ردعمل نہ صرف متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہے بلکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کے لیے بھی ایک اہم قدم ہے۔

ٹیگز: