لاہور :وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دے دیا ہے۔ دریائے راوی کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ آج رات خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے اور لوگوں کو مکمل الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ دریائے راوی کے کنارے آباد علاقوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اُن کے مطابق شاہدرہ کا علاقہ سب سے پہلے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جہاں انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیس سال بعد دریاؤں میں اس قدر شدید صورتحال دیکھنے میں آ رہی ہے، جو معمول کے برعکس ہے۔ حکومت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔