 
 اسلام آباد: مریم نواز نے راولپنڈی سے مری تک جلد ہی ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے مری کے باشندوں کو سفر میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مری میں نواز شریف کارڈیک سنٹر نے کام شروع کر دیا ہے، جس کی بدولت مری کے مریضوں کو دل کے علاج کے لیے راولپنڈی نہیں جانا پڑے گا۔
مریم نواز نے بتایا کہ کوٹلی ستیاں میں 100 بستروں پر مشتمل اسپتال بنانے کا منصوبہ بھی زیر عمل ہے تاکہ صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا، "ہم نے وہ وعدے بھی پورے کیے جو کبھی کیے ہی نہیں گئے تھے۔"
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے مری داخل ہوتے ہی فرق واضح نظر آتا ہے کیونکہ مری کو غیر قانونی تعمیرات سے بھر دیا گیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام غیر قانونی عمارتیں فوری طور پر گرائی جائیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت مری کو جدید سیاحتی مرکز بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ علاقے کی خوبصورتی کو محفوظ رکھا جا سکے اور سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔