لاہور: ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب اس وقت تاریخ کے سب سے بڑے سیلابی ریلے کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات پر انسانی جانوں کو ترجیحی بنیادوں پر بچانے کا عمل جاری ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق، ریسکیو آپریشنز کے دوران اب تک 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر ہائی الرٹ ہے اور تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ 24 گھنٹے ملتان کے لیے انتہائی اہم ہیں، جہاں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے اور مقامی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
عرفان علی کاٹھیا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے تعاون کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔