قصور: دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 64 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ پانی کے دباؤ میں اضافے کے باعث نگر حفاظتی بند متاثر ہوا ہے، جو کہ عارضی طور پر بہاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔
انتظامیہ کے مطابق، دریائے ستلج کے پاٹ میں رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں اور متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کا عمل جاری ہے۔
ضلعی حکومت نے دریائے ستلج کے اطراف ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں 17 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرین کو خوراک، ادویات اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔