لاہور: ویمن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے ویژن 2030 کے تحت خواتین کی تعلیم، روزگار اور تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے چھ انقلابی منصوبے متعارف کرا دیے۔ اس حوالے سے تقریب ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ "خواتین کے لیے ان منصوبوں کا آغاز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خواب کی عملی تعبیر ہے۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ایک خاتون صوبے کی قیادت کر رہی ہے، اور اگر ایک خاتون صوبہ چلا سکتی ہے تو ملک بھی چلا سکتی ہے۔"
پارلیمانی سیکریٹری برائے ویمن ڈیویلپمنٹ سعدیہ تیمور نے کہا کہ ’’ہم خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے چھ نئے منصوبوں کا آغاز کر رہے ہیں جن میں تعلیم، معاشی خودمختاری اور تحفظ کے اقدامات شامل ہیں۔‘‘
انہوں نے اعلان کیا کہ اگست میں ’مریم نواز ویمن کمپلیکس‘ کا افتتاح کیا جائے گا، جہاں خواتین کے لیے جدید انکیوبیشن سینٹرز، کانفرنس رومز اور ورکنگ اسپیسز دستیاب ہوں گی۔
اس کے علاوہ ویمن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ 3 تا 4 اکتوبر 2025 کو ویمن ایکسپو منعقد کرنے جا رہا ہے، جبکہ پنجاب بھر کی 10 ہزار طالبات کے لیے لیڈرشپ ایمبیسیڈر پروگرام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ انہیں قائدانہ صلاحیتیں فراہم کی جا سکیں۔
سعدیہ تیمور نے کہا کہ ’’مضبوط عورت، مضبوط پنجاب‘‘ وزیراعلیٰ کا ویژن ہے، اور انہی اہداف کے حصول کے لیے محکمہ ویمن ڈیویلپمنٹ سرگرم عمل ہے۔