اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 20 ستمبر سے ملک کے 10 بڑے شہروں میں ڈینگی بخار کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے فوری الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ان شہروں میں کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر اہم شہروں کو خاص طور پر شامل کیا گیا ہے جہاں ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، حالیہ سیلاب کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ خاص طور پر پنجاب اور سندھ کے کئی اضلاع زیر آب ہیں جہاں لاکھوں افراد عارضی شیلٹرز میں مقیم ہیں، جس سے ڈینگی کے پھیلاؤ کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری اور مؤثر فومی گیشن اور صفائی کے اقدامات کریں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے۔
ساتھ ہی شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں کے آس پاس پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر دانی کا استعمال کریں اور ذاتی احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔