مظفرگڑھ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب سے متاثرہ تحصیل علی پور کا دورہ کیا اور ریلیف کیمپ میں موجود متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ انہوں نے متاثرین کے مسائل سنے اور فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ کو ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے تفصیلی بریفنگ دی، جس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات، امدادی کاموں اور بحالی کی حکمتِ عملی پر روشنی ڈالی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ریلیف کیمپ میں موجود خواتین، بچوں اور بزرگ متاثرین سے ملاقات کی، دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور کھانے کی تقسیم سمیت دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور متاثرہ خاندانوں کو خود کھانا پیش کر کے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
مریم نواز نے سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کے لواحقین کو امدادی چیک بھی دیے۔ اس موقع پر صوبائی وزرا مریم اورنگزیب، خواجہ عمران نذیر اور صہیب بھرتھ بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ "حکومت پنجاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ریلیف و بحالی کے تمام اقدامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں گے۔"