انسانیت رنگ، نسل اور سرحدوں سے بالاتر رشتہ ہے، مریم نواز شریف

 انسانیت رنگ، نسل اور سرحدوں سے بالاتر رشتہ ہے، مریم نواز شریف

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ انسانیت ایک ایسا عظیم رشتہ ہے جو ہر رنگ، نسل، مذہب اور سرحد سے بالاتر ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور ان کی مدد کرنا ہی دراصل انسانیت کی اصل خدمت ہے، جو تعصب، خودغرضی اور نفرت سے پاک ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات، بالخصوص غزہ کے نہتے شہداء اور کشمیری عوام کی تکالیف، ہر حساس دل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتی ہیں، اور ان حالات میں انسانیت کا جذبہ پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کر چکا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ انسان سے ہمدردی کرنا عبادت کے مترادف ہے اور یہی سب سے بڑی خدمت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پنجاب کے تمام اقدامات اور منصوبے انسانی ہمدردی، عوامی فلاح و بہبود اور خدمت پر مبنی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمیں ایک ایسی دنیا کی تعمیر کرنی ہے جہاں امن، محبت اور انسانیت کو فروغ حاصل ہو، تاکہ ہر فرد عزت، تحفظ اور مساوات کے ساتھ زندگی گزار سکے۔

ٹیگز: