لاہور: پنجاب پولیس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کاموں میں سرگرم عمل ہے۔ بارشوں کے ممکنہ نئے سلسلے اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ پنجاب پولیس، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس، ریسکیو اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور کوآرڈینیشن میں ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کی ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں میں پنجاب پولیس دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ پولیس کے اہلکار متاثرہ رابطہ سڑکوں کی بحالی، امدادی سرگرمیوں اور متاثرین میں کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی تقسیم میں بھی مصروف ہیں۔
پنجاب پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں اور ضرورت پڑنے پر پولیس کی ہدایات پر مکمل تعاون کریں۔