لاہور: لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر زہریلی دوا کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت 33 سالہ کوثر کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر چوہے مار پاوڈر کھا لیا تھا، جس کے باعث اس کی حالت غیر ہو گئی۔
متاثرہ خاتون کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ اقدام ذاتی وجوہات کا نتیجہ تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور محرکات کارفرما تھے۔