فتح جنگ، اٹک: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تحصیل فتح جنگ میں منعقدہ نیزہ بازی کے مقابلوں میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں علاقہ معززین، سیاسی و سماجی شخصیات، نیزہ بازی کے شائقین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
گورنر پنجاب نے مقابلوں میں حصہ لینے والے گھڑ سواروں کی مہارت، جذبے اور بہترین کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیزہ بازی پنجاب بالخصوص پوٹھوہار کی قدیم ثقافتی اور روایتی کھیلوں میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لیے کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے۔ روایتی کھیل نوجوانوں میں مثبت سوچ، نظم و ضبط، بہادری، مہارت اور جسمانی پھرتی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گھڑ سواری اور نیزہ بازی جیسے روایتی مقابلے نوجوان نسل کو اپنے تاریخی ورثے اور ثقافتی روایات سے جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ ایسے مقابلوں کے انعقاد سے مقامی ثقافت اور علاقائی روایات کو زندہ رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
گورنر پنجاب نے نیزہ بازی کے مقابلے کے کامیاب انعقاد پر منتظم ملک عاقب خان کو مبارکباد پیش کی۔