14 اگست کو قوم جشن منائے گی، پی ٹی آئی فساد کی منصوبہ بندی کررہی ہے:عظمی بخاری

 14 اگست کو قوم جشن منائے گی، پی ٹی آئی فساد کی منصوبہ بندی کررہی ہے:عظمی بخاری

لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ قوم 14 اگست کو یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منائے گی، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اس اہم دن پر احتجاج کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جو کسی محبِ وطن جماعت کا ایجنڈا نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی میں پاکستانیت اور انسانیت باقی ہے تو انہیں چاہیے کہ 14 اگست کے احتجاج کو ملتوی کر دیں۔ عظمیٰ بخاری نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام پہلے ہی بانی پی ٹی آئی کی جلاؤ گھیراؤ اور تشدد پر مبنی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں، اور 5 اگست کو بھی عوام نے ان کی کال پر کوئی ردِعمل نہیں دیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی اب بانی پی ٹی آئی کی منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں، اور یہ جماعت ہر قومی اور مذہبی موقع کو اپنے احتجاجی ایجنڈے کی نذر کر دیتی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی 2014 کے دھرنوں کی پیداوار ہے اور احتجاج و دھرنے اس جماعت کا مشغلہ بن چکے ہیں۔ "قیدی نمبر 420" کی ہر بات پر لبیک کہنے والا ٹولہ جہالت کی آخری حدوں کو چھو رہا ہے، انہوں نے کہا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ 14 اگست کو قوم نہ صرف آزادی کا دن منائے گی بلکہ آپریشن "بنیان المرصوص" کی کامیابی پر بھی خوشی کا اظہار کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی فسادی گروہ کو عوام کی خوشیاں خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ٹیگز: