لاہور : نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان نے 500 کے وی K2/K3 ٹرانسمیشن لائن کو کامیابی سے مکمل کر کے ملک کی توانائی کی فراہمی میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔ یہ 102 کلومیٹر طویل، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی لائن کراچی کے قریب کینوپ نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 2,200 میگاواٹ بجلی کو نیشنل گرڈ میں منتقل کرے گی۔
18.45 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ نہ صرف ملک کے جنوبی حصے میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا بلکہ توانائی کے نظام کو مستحکم کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔
این جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد شاہد نذیر نے کہا کہ یہ کامیابی ملک کی توانائی کی خودکفالت کی طرف ایک مضبوط قدم ہے اور اس سے قومی ترقی کی رفتار میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ ٹیموں کی انتھک محنت اور لگن کو خراج تحسین پیش کیا۔
یہ کامیابی وزارت توانائی اور نیشنل گرڈ کمپنی کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے، جو پاکستان کو توانائی کے شعبے میں جدید اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔