لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبے بھر میں 79ویں یومِ آزادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس سال جشنِ آزادی کی تقریبات کو “حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے تاکہ نہ صرف ماضی کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے بلکہ وطن عزیز کی بقاء، سالمیت اور ترقی کے لیے قوم کے عزم کی تجدید بھی کی جا سکے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق یکم اگست سے 14 اگست تک مختلف اضلاع میں تقریبات، ثقافتی پروگرامز، ملی نغموں کے مقابلے، سیمینارز، ریلیاں اور پرچم کشائی کی تقاریب منعقد ہوں گی۔
وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز، ایجوکیشن اتھارٹیز، محکمہ ثقافت اور مقامی حکومتوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تقریبات کا انعقاد قومی وقار، عوامی شرکت اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ کیا جائے۔
پنجاب بھر کے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلباء کے لیے خصوصی تقریری مقابلے، کوئز، ڈرامہ پرفارمنس اور یومِ آزادی واکس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ سرکاری دفاتر اور عمارتوں کو سبز و سفید روشنیوں سے منور کیا گیا ہے، جب کہ شہر شہر گلیوں کو قومی پرچموں، بینرز اور جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ’’یومِ آزادی صرف ایک تاریخ نہیں، یہ ہمارے قومی تشخص، قربانی اور ذمہ داری کا دن ہے۔ ہم نے نہ صرف یہ ملک حاصل کیا بلکہ اب اسے محفوظ، خوشحال اور خودمختار رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔‘‘
حکام کے مطابق 14 اگست کو مرکزی تقریب لاہور میں ہو گی جس میں وزیراعلیٰ سمیت اعلیٰ حکام اور معزز شخصیات شرکت کریں گی۔