لاہور: صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی قیادت میں ٹاؤن ہال لاہور میں عالمی پولیو ڈے کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مشیر وزیر اعلیٰ عظمیٰ کاردار، سی ای او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر آصف اور دیگر بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر صحت نے انسداد پولیو مہم میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ورکرز میں تعریفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان وہ دو ممالک ہیں جہاں پولیو اب بھی موجود ہے، اور حکومت کی کوشش ہے کہ جلد از جلد پاکستان سے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جائے۔
خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف قانون سازی زیر غور ہے، جس میں بجلی کاٹنے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امداد بند کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ پولیو ورکرز سردی و گرمی میں میدان میں کام کرتے ہیں، لیکن بعض والدین اپنے بچوں کو قطرے پلوانے میں لاپرواہی برتتے ہیں۔