اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کنکشنز کھولنے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام صوبوں میں نئے گیس کنکشنز جاری کیے جائیں گے، تاکہ عوام کو بنیادی سہولت فراہم کی جا سکے۔
شہباز شریف کے مطابق نئے گیس کنکشنز کے لیے اب تک لاکھوں درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جو عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کنکشنز کی بحالی سے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے۔
وزیراعظم نے یاد دلایا کہ 2022ء میں پی ڈی ایم حکومت کے دوران گیس کی فراہمی ایک بڑا چیلنج تھی اور اس وقت ملک میں گیس کی دستیابی محدود ہونے کے باعث حکومت عوام کو نئے کنکشن دینے سے قاصر تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج حالات بہتر ہیں، اور حکومت عوامی سہولت کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں مزید اصلاحات لا کر عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔