لاہور : لاہور شہر میں سٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر بھر میں مجموعی طور پر 271 جرائم کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ ان وارداتوں میں چوری، ڈکیتی، موبائل اور نقدی چھیننے کے واقعات شامل ہیں۔
چوروں نے لاہور کے مختلف علاقوں میں 3 گھروں کو نشانہ بناتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور قیمتی سامان چرا لیا۔
ادھر مختلف مقامات پر ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر متعدد شہریوں کو لوٹ لیا، جن میں کم از کم 11 افراد سے لاکھوں روپے کی نقدی اور موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں شامل ہیں۔
شہریوں نے بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔