 
 لاہور:محکمہ تعلیم پنجاب نے سموگ کے موسم کے دوران طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں سکولز میں کھیلوں، اسمبلیوں اور دیگر آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ طلبہ صحت کے حوالے سے محفوظ رہ سکیں۔
محکمہ تعلیم نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماسک کے استعمال اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی مہم چلائیں اور کمرہ جماعت کو صاف ستھرا اور ہوا دار رکھا جائے تاکہ بچوں کی صحت محفوظ رہ سکے۔
اس کے علاوہ سکول انتظامیہ کو ہفتہ وار بنیاد پر سموگ سے متعلق اپنی رپورٹس محکمہ تعلیم میں جمع کرانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے تاکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا سکے اور بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ طلبہ کی صحت اور تعلیم دونوں کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور سموگ کے دوران حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔