لاہور: صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت صحت کے شعبے میں اربوں روپے کے انقلابی اور تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کے تحت لاہور میں چلڈرن ہسپتال، انسٹی ٹیوٹ آف جنیٹک اینڈ بلڈ ڈیزیز، انسٹی ٹیوٹ آف سرجیکل، آرتھوپیڈک اینڈ میڈیکل ری ہیبلیٹیشن، سنٹر آف ایکسی لینس فار نرسنگ ایجوکیشن، سپیشلائزڈ میڈیکل ہسپتال، کارڈیک ہسپتال، میڈیکل یونیورسٹی اور جدید ترین ڈائیگناسٹک لیب قائم کی جائیں گی۔
خواجہ سلمان رفیق نے آئی ڈی پی کو ہدایت کی کہ صحت کے تمام نئے پراجیکٹس پر تیزی سے کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں نئے سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھا رہی ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف عوام کی صحت کی سہولیات میں کسی قسم کی دشواری برداشت نہیں کرتیں اور یہ ان کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ بینش فاطمہ ساہی، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ایڈیشنل سیکرٹری امیر محمد، آئی ڈی پی سے سی او او مائرہ علی، جنرل مینیجر شہزاد نذیر لغاری، چیف سٹریٹیجی آفیسر فیضان احمد ریاض، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایل ڈی اے خرم، سی ای او پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔