لاہور : پنجاب کے مختلف علاقوں میں آنے والے حالیہ سیلاب کے بعد پاک فوج اور سول انتظامیہ نے ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ کھولڑہ پوائنٹ، ہسو والی، بدھوانہ، جھنگ اور چنیوٹ کے متاثرہ علاقوں میں درجنوں ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔
ریسکیو آپریشن کے دوران سینکڑوں افراد کو کشتیوں کی مدد سے سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ان میں بزرگ، خواتین، اور بچے شامل تھے۔ صرف انسان ہی نہیں بلکہ لوگوں کے مال مویشیوں کو بھی بچایا گیا تاکہ ان کا روزگار متاثر نہ ہو۔
فوج نے ان علاقوں میں امدادی کیمپس قائم کر دیے ہیں جہاں متاثرین کو کھانے پینے کا سامان، کپڑے اور ادویات دی جا رہی ہیں۔ ساتھ ہی فری میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے ہیں جہاں ڈاکٹر اور عملہ متاثرہ لوگوں کو مفت علاج فراہم کر رہے ہیں۔
ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے اور تمام متعلقہ ادارے ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔
متاثرین نے پاک فوج کے فوری ردعمل اور مدد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی یہ امداد نہ صرف بروقت تھی بلکہ ان کے لیے زندگی کی امید بھی بنی۔