پولیس شہداء کا خون ریاست کی بنیاد ہے، ان کے خواب پورے کیے جائیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

 پولیس شہداء کا خون ریاست کی بنیاد ہے، ان کے خواب پورے کیے جائیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

لاہور :  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ شہداء پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پولیس کے بہادر شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس شہداء کا خون ہماری ریاست کی بنیاد ہے اور ہم اسے کبھی نہیں بھولیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے ان نڈر جوانوں نے قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ "کئی ماں باپ نے اپنے بیٹے، کئی بیویاں اپنے شوہر، اور کئی بچے اپنے والدین کو اس لیے کھو دیا تاکہ ہم سب امن اور سلامتی سے زندگی گزار سکیں،" ۔

مریم نواز نے شہداء کی ماؤں کو خصوصی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایسے بیٹے پیدا کیے جو گولیوں کے سامنے سر نہیں جھکاتے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ شہداء کا مشن جاری رہے گا اور ان کے خواب ہر صورت پورے کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت شہداء کے ورثا کے ساتھ صرف زبانی نہیں بلکہ عملی تعاون بھی یقینی بنائے گی۔ "ہم فلاحی پیکیجز، مالی معاونت اور ہر ممکن مدد کے ذریعے ان خاندانوں کا ساتھ دیں گے جو ہمارے ہیروز کے وارث ہیں،" انہوں نے وعدہ کیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ شہداء کا مقام قوم کے دلوں میں ہمیشہ بلند رہے گا اور ان کی قربانیاں نئی نسل کے لیے مشعل راہ بنیں گی۔

ٹیگز: