میاں عامر محمود کا لوکل گورنمنٹ کے فقدان اور فیصل آباد کو صوبہ بنانے کی ضرورت پر زور

میاں عامر محمود کا لوکل گورنمنٹ کے فقدان اور فیصل آباد کو صوبہ بنانے کی ضرورت پر زور

فیصل آباد: چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود نے فیصل آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں لوکل گورنمنٹ کا نظام تقریباً ختم ہو چکا ہے اور صوبائی حکومتیں اپنے اختیارات دوسروں کے ساتھ بانٹنے سے کتراتی ہیں، جس کا نقصان براہِ راست عوام کو پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژن کو الگ صوبہ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ بہتر انتظامی نظام قائم ہو سکے اور نئی قیادت ابھرے۔ میاں عامر محمود نے کہا کہ اگر ملک میں 33 نئے صوبے بنائے جائیں تو اس سے نئی لیڈر شپ سامنے آئے گی، اور فیصل آباد کو اپنا صوبہ، اسمبلی اور وزیراعلیٰ ملنا چاہیے تاکہ یہاں کی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے پنجاب کی آبادی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ملک کی کل آبادی کا 53 فیصد پر مشتمل ہے، لہٰذا اسے وسائل میں بھی اضافے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سیاسی قیادت مڈل کلاس سے ابھرتی ہے، مگر بدقسمتی سے ہمارے موجودہ نظام میں مڈل کلاس کو آگے بڑھنے کے مناسب مواقع نہیں ملتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں عوام کو یکساں حقوق حاصل نہیں اور جب تک موجودہ مسائل اور خامیوں کو دور نہیں کیا جائے گا، ہم ترقی کی منزل تک نہیں پہنچ سکتے۔