لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "اپنی چھت، اپنا گھر" منصوبے کی کامیابی کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کو اپنے گھروں کا خواب سچ کرنے کا ایک سنہری موقع فراہم کرے گا۔ اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ "سب کو اپنی چھت، اپنا گھر مبارک ہو! یہ منصوبہ میرے دل کے بہت قریب ہے اور اس کے ذریعے ہم پنجاب کے عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لا رہے ہیں۔"
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پچھلے سات ماہ میں 64 ہزار افراد کو اپنے گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، اس اسکیم کے تحت 45 ہزار گھروں کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے۔مریم نواز نے وضاحت کی کہ قرض دہندگان کو 9 سال کی مدت میں قرض واپس کرنا ہوگا تاکہ ان پر بوجھ نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت عوام کو اپنے گھروں کی تعمیر کے لیے آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ "ہزاروں کالز موصول ہوئیں اور میں نے خود سینکڑوں کالز کا جواب دیا۔ عوام کی بڑھتی ہوئی مانگ کے مطابق ہم اس منصوبے کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے بھی اپنے دور حکومت میں عوام کو اپنے گھروں کی فراہمی کے لیے اہم قدم اٹھائے تھے، اور ان کی رہنمائی نے اس منصوبے کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ "یہ الزام غلط ہے کہ ہم لاہور کو پورے پنجاب کا مترادف سمجھتے ہیں۔ پنجاب کے ہر شہر میں اس اسکیم کے تحت قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں اور یہ منصوبہ تمام شہریوں کے لیے ہے
مریم نواز نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "میرا مقصد ہے کہ پانچ سالوں میں پنجاب کے عوام کو پانچ لاکھ سے زائد گھروں کی فراہمی یقینی بناؤں۔ ہم ہر سال ڈیڑھ لاکھ گھروں کا ٹارگٹ پورا کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ "پہلی مرتبہ 6 ماہ کے اندر 50 ہزار بلاسود قرضے کسی حکومت نے عوام کو فراہم کیے ہیں، اور اس میں نواز شریف کی رہنمائی نے اہم کردار ادا کیا۔"