 
 لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 29واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں 171 ایجنڈا نکات زیرِ غور آئے۔ اجلاس میں پنجاب میں آنے والے تاریخی سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے سب سے بڑا ریسکیو، ریلیف، انخلا آپریشن اور امدادی پروگرام منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔
پنجاب کابینہ نے سیلاب متاثرین کے لیے حتمی امدادی پیکج کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 17 اکتوبر سے متاثرہ افراد کو امدادی رقوم کے چیکز کی تقسیم شروع کی جائے گی۔
اس پیکج کے تحت جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے، مستقل معذوری کی صورت میں 5 لاکھ روپے اور معمولی معذوری پر 3 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔ علاوہ ازیں، اگر پکا گھر مکمل طور پر گر گیا ہو تو 10 لاکھ روپے، جزوی طور پر گرنے کی صورت میں 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ کچے گھروں کے مکمل گرنے پر 5 لاکھ اور جزوی طور پر گرنے پر 1.5 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جائے گی۔
پنجاب کابینہ کی اس تاریخی منظوری کو سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی فوری امداد کے حوالے سے ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔