لاہور: ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری ہونے والے ای چالان کے ساتھ اب گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیف سٹی اتھارٹی، ٹریفک پولیس اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ڈیٹا کو مربوط کر کے ایک ایسا نظام بنایا گیا ہے جس کے ذریعے گاڑی مالکان کی مکمل معلومات فوری دستیاب ہوں گی۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور اطہر وحید نے بتایا کہ اب ٹریفک وارڈنز کو ایک نئی ایپ فراہم کی گئی ہے، جس سے وہ نمبر پلیٹ کے ذریعے نہ صرف ای چالان جاری کریں گے بلکہ ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی پر بھی کارروائی کر سکیں گے۔
ابتدائی طور پر یہ کارروائی کار مالکان کے خلاف ہوگی جبکہ موٹر سائیکل سواروں کو اس مہم سے فی الحال استثنیٰ حاصل ہوگا۔