ضمنی انتخابات خود لڑیں گے، اتحاد وقت کی ضرورت ہے:پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی کا اہم بیان

 ضمنی انتخابات خود لڑیں گے، اتحاد وقت کی ضرورت ہے:پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی کا اہم بیان

لاہور :پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی  نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں اتحادی حکومت ہے اور چیلنجز کے باوجود مل کر چلنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  پارٹی کے نقصان کے باوجود ہم نے ہمیشہ ریاست کو مقدم رکھا ہے۔

سید حسن مرتضی نے کہا کہ اگر مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی مختلف سمتوں میں چلیں تو اس کا نقصان پاکستان کو ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیپلزپارٹی ضمنی انتخابات خود لڑے گی اور کسی بھی امداد کی ضرورت نہیں، جبکہ یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیاں بھی بنائی جا رہی ہیں تاکہ انتخابی مہم موثر طریقے سے چلائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو مشورہ دینا ہمارا آئینی حق ہے، اس پر اگر ترجمانوں کو تکلیف ہوتی ہے تو اس پر حیرت ہوتی ہے۔

سید حسن مرتضی نے کہا کہ ملک کے لیے پیپلزپارٹی نے قربانیاں دی ہیں اور نظریاتی اختلافات کے باوجود ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک ساتھ کھڑی ہیں۔ ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے ہیں اور لاہور میں جوش و جذبے کے ساتھ انتخابی مہم چلائی جائے گی۔

انہوں نے سکیورٹی خدشات کے باعث زیارات پر پابندی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے بائی روڈ پر سفر کی بندش فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

مزید کہا کہ جب حق مانگتے ہیں تو ہمیں مافیا کہا جاتا ہے، کسان پانی کے لیے احتجاج کرے تو انہیں دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ہر سال ڈیزاسٹر مینجمنٹ ناکام ہو رہا ہے اور کسان شدید نقصان میں ہیں۔ حکومت آدھے سچ اور آدھے جھوٹ سے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔

ٹیگز: