لاہور: پنجاب حکومت نے کلمہ چوک میں افواجِ پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک عظیم الشان منصوبے "معرکۂ حق پارک" کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ پارک بارہ ایکڑ رقبے پر محیط ہوگا اور وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو اجاگر کرے گا۔
منصوبے میں "آپریشن بنیان المرصوص" کی خصوصی یادگار بھی شامل ہوگی، جبکہ پارک کے دیگر حصوں میں میوزیم، ایمفی تھیٹر، اور نمائش ہال بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق، پارک کا مقصد نئی نسل کو قومی یکجہتی، حب الوطنی اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں سے روشناس کرانا ہے۔
پنجاب حکومت نے اس اقدام کو "لاہور کا عظیم سلام" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقام نہ صرف شہریوں کے لیے ایک تاریخی و تفریحی مرکز ہوگا بلکہ شہداء کے اہلِ خانہ کے لیے باعثِ فخر اور تسلی کا مقام بھی بنے گا۔