 
 لاہور: پنجاب میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کا اہم تنظیمی اجلاس آج لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں واقع مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ خان کریں گے۔
اجلاس میں ضمنی انتخاب والے حلقوں سے تعلق رکھنے والے ڈویژنل صدور، جنرل سیکرٹریز، ضلعی صدور اور ضلعی جنرل سیکرٹریز شرکت کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، اجلاس میں ہر حلقے کے لیے ممکنہ امیدواروں کے ناموں پر مشاورت کی جائے گی، جبکہ تحریری سفارشات مرتب کر کے پارٹی صدر میاں محمد نواز شریف کو بھجوائی جائیں گی۔
پارٹی صدر نواز شریف ہی ان سفارشات کی روشنی میں ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کا حتمی فیصلہ کریں گے۔اجلاس کا مقصد تنظیمی سطح پر مشاورت کو مضبوط بنانا اور ضمنی الیکشن میں بھرپور تیاری کو یقینی بنانا ہے۔