لاہور: لاہور اور دیگر شہروں میں اچانک اور شدید بارش کے بعد نکاسی آب کے آپریشن کو تیز کر دیا گیا ہے۔ واسا کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں فیلڈ میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ پانی کی نکاسی جلد از جلد ممکن بنائی جا سکے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایات پر اضافی مشینری واسا لاہور کو فراہم کی گئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے علاقوں میں بھی نکاسی آب کے کام میں مکمل تعاون جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے تحت وزیر ہاؤسنگ اور سیکرٹری ہاؤسنگ خود فیلڈ میں موجود ہیں جبکہ تمام افسران بھی آپریشن کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ شہر کے نشیبی اور زیادہ گنجان آباد علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کیا جا رہا ہے۔
تعمیراتی مقامات پر حفاظتی پٹی لگانے اور انتباہی پیغامات نصب کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
لاہور میں آج تقریباً سات گھنٹے تک بارش ہوئی، جس دوران 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر کے 13 زیر زمین واٹر ٹینکس کو فعال کر کے پانی کی نکاسی کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی نکاسی آب کے اقدامات جاری ہیں۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بارش کے دورانیے میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ اس تناظر میں نکاسی آب کے نظام کو مزیدبہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
لاہور کی بڑی شاہراہیں کلیئر کر دی گئی ہیں اور چند علاقوں میں پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے۔ توقع ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں پورا شہر مکمل طور پر پانی سے آزاد کر دیا جائے گا۔
صوبے بھر میں نکاسی آب کا آپریشن بلا تعطل جاری ہے، جس کی نگرانی سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کر رہے ہیں۔